
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تاریخ میں پہلی بار سعودی عرب جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز کے مسافروں نے طویل تاخیر اور طیارے میں فنی خرابی کے باعث رن وے کے قریب دھرنا دے کر شدید احتجاج کیا۔
ذرائع کے مطابق مدینہ منورہ جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز نمبر PA-2766 دوپہر ایک بجے روانہ ہونا تھی تاہم مسافروں کو بورڈنگ کے بعد طیارے میں فنی خرابی کے باعث بار بار تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ وہ مقررہ وقت سے کئی گھنٹے پہلے ایئرپورٹ پہنچ گئے تھے لیکن پرواز مسلسل تاخیر کا شکار رہی۔
بعد ازاں مسافروں کے لیے بسوں اور ہوٹلوں میں قیام کا انتظام کیا گیا جہاں انہیں رات گزارنے کے لیے منتقل کر دیا گیا۔
