
تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے ہونے والی تجارتی جہاز رانی سے فائدہ اٹھانے والے ہر فریق پر خلیج فارس اور بحیرہ عمان کو پہنچنے والے ماحولیاتی نقصان کے ازالے کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں قشم جزیرے کے ساحلوں پر تیل کی آلودگی کی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں، یہ آلودگی خلیج فارس سے ساحل کی جانب بہہ کر آئی، اور ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا ذریعہ ایک غیر ملکی بلک کیریئر (مال بردار جہاز) ہے، تین ساحلی مقامات اور سمندر کی سطح کے کچھ حصوں میں آلودگی کی نشاندہی ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خلیج فارس اور بحیرہ عمان کے ساتھ سب سے طویل ساحلی پٹی رکھنے والے ملک کی حیثیت سے ایران اس معاملے سے لاتعلق نہیں رہ سکتا، آبنائے ہرمز کے ذریعے تجارتی جہاز رانی سے فائدہ اٹھانے والے ہر فریق پر خلیج فارس اور بحیرہ عمان کو پہنچنے والے ماحولیاتی نقصان کے ازالے کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
