
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم آج سے سعودی عرب کا دورہ کریں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی ان کے ہمراہ جائیں گے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ وزیراعظم 6 سے 8 اگست کے دوران سعودی عرب کا دورہ کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ، باہمی دلچسپی کے امور اور تعاون کے شعبوں پر بات چیت ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطی کے معاملات بحال کرنے میں سفارتی کردار ادا کررہا ہے، عمان اس تمام تر صورتحال میں اپنا بہتر کردار ادا کررہا ہے، پاکستان عمان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات پر بھارتی بیانات بے بنیاد ہیں، آزاد کشمیر انتخابات شفاف انداز میں جاری ہیں، بھارت کے پاس ایسے بیانات کا کوئی اخلاقی جواز نہیں، بھارت آزاد کشمیر میں اموات کی غلط معلومات پھیلا کر مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔
انہوں نے بنگلہ دیش کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیشی عوام اپنے معاملات خود حل کرنے کے اہل ہیں۔
