
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے یومِ آزادی کے موقع پر اہلِ وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد، اور قوم کو آزادی کی خوشیاں مبارک ہوں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق اپنے خصوصی پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ 14 اگست ہماری درخشاں قومی تاریخ کا عظیم، یادگار اور ناقابلِ فراموش دن ہے۔ آزادی ہمارے بزرگوں کی عظیم جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے، تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں بالخصوص قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں کے احسانات تاقیامت نہیں اتار سکتی۔
انہوں نے زور دیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ زبانی جمع خرچ کے بجائے پوری قوم یکجا ہو، صرف پاکستان کا سوچے اور پاکستان کے لیے آگے بڑھے، یومِ آزادی کا تقاضا ہے کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر وطنِ عزیز کے روشن مستقبل کے لیے مل کر کام کیا جائے۔
انہوں نے اہلِ وطن کو ایک بار پھر یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اتحاد، اخلاص اور قومی ذمہ داری کے ساتھ پاکستان کو مزید مضبوط اور خوشحال بنایا جائے گا۔
