
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)ریلوے ٹریک کی مرمت اور بحالی کے کام کے باعث کوئٹہ سے اندرونِ ملک ٹرین سروس دو روز کےلیے معطل کردی گئی ہے، جس کے باعث متعدد مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس آج جمعہ کوئٹہ سے روانہ نہیں کی گئی، جبکہ 14 اور 15 اگست کو ٹرین آپریشن مکمل طور پر معطل رہے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پشاور سے آنے والی جعفر ایکسپریس کو عارضی طور پر جیکب آباد تک محدود کردیا گیا ہے۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق ٹرین سروس کی معطلی کا فیصلہ ریلوے ٹریک کی مرمت اور بحالی کے کام کے پیشِ نظر کیا گیا ہے تاکہ سفر کو محفوظ اور بلا تعطل بنایا جاسکے۔
حکام نے بتایا کہ مسافروں کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے متبادل انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ مرمتی کام مکمل ہوتے ہی ٹرین سروس کو معمول کے مطابق بحال کردیا جائے گا۔
