تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کی فوج کا طویل فاصلے تک مار کرنے والا ڈرون ’آرش‘گزشتہ رات تہران کے ایک بڑے چوراہے میں

تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کی فوج کا طویل فاصلے تک مار کرنے والا ڈرون ’آرش‘گزشتہ رات تہران کے ایک بڑے چوراہے میں حکومت کے حامی مظاہرے کے دوران نمائش کے لیے پیش کیا گیا، جبکہ قریبی شہر کرج اور جنوبی شہر بندر عباس میں بھی ایسے ہی مظاہروں میں ایرانی ڈرونز کی نمائش کی گئی۔
بی بی سی اردو کے مطابق ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نیوز کی جانب سے تہران میں ہونے والے ایک مظاہرے کی جاری کردہ ویڈیو میں ایک گروہ کو ’میں تمہارے لیے لڑوں گا، اے مادرِ وطن‘ کے نعرے لگاتے ہوئے دکھایا گیا جبکہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران اور ایران کے حمایت یافتہ لبنانی گروہ حزب اللہ کے جھنڈے لہرا رہے تھے۔
گزشتہ رات بھی ان مظاہروں کے دوران تہران سمیت ایران کے کئی شہروں میں میزائلوں کی نمائش کی گئی جبکہ ایک ویڈیو میں تہران میں موجود ہجوم کو ’امریکہ مردہ باد‘ کے نعرے لگاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
یہ حکومت کے حامی مظاہرے 28 فروری کو جنگ کے آغاز کے بعد سے ایران بھر کے بڑے چوراہوں میں روزانہ منعقد ہو رہے ہیں، جن میں ایرانی حکام اور سرکاری ٹی وی عوام کو شرکت کی ترغیب دے رہے ہیں۔
عام طور پر رات کے وقت ہونے والے یہ مظاہرے نہ صرف حکومت کے لیے عوامی حمایت کا تاثر پیش کرتے ہیں، جہاں لوگ اسلامی جمہوریہ کا پرچم لہراتے ہیں بلکہ اندھیرا ہونے کے بعد مخالفین کے لیے بڑے چوراہوں میں جمع ہونا بھی مشکل بنا دیتے ہیں۔
