
مستونگ(ڈیلی پاکستان آن لائن)یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر سمیت چاروں اہلکار اتوار کے روز بازیاب ہو گئے ہیں۔
بی بی سی اردو کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان کے معاون برائے میڈیا بابریوسفزئی نے بازیابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چاروں افراد ضلع مستونگ کے علاقے کردگاپ سے بازیاب ہو گئے ہیں تاہم انھوں نے اس حوالے سے زیادہ تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کے اہلخانہ نے بتایا کہ وہ اپنے گھر پہنچ گئے ہیں جبکہ باقی لوگ بھی بحفاظت بازیاب ہو گئے ہیں۔
گوادر یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد، پرسنل سٹاف آفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد بلیدی اور ڈرائیور حاتم بدل 13 مئی کو گوادر سے کوئٹہ جاتے ہوئے لاپتہ ہو گئے تھے۔
اگرچہ سرکاری حکام نے ان کے اغوا کے حوالے سے امکان کو مسترد نہیں کیا تھا لیکن کسی گروپ کی جانب سے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی تھی۔
