
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایران سے متعلق صورتِ حال میں پائی جانے والی غیر یقینی کے بارے میں بات کرتے ہوئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ںے الزام عائد کیا ہے کہ ایرانی بعض اوقات ایسے وعدے کرتے ہیں جنہیں وہ پورا نہیں کرتے۔
فاکس نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ میں پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ اس معاملے کا اختتام اس طرح ہو گا کہ امریکا زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہو گا، ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہوں گے، اور آبنائے ہرمز کی صورتِ حال دوبارہ ایسی ہو جائے گی جہاں تیل اور گیس کی قیمتیں امریکی عوام کے لیے مستحکم رہیں۔
جی ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ہم اپنے وسائل کو بہت سوچ سمجھ کر اور حکمتِ عملی کے تحت استعمال کر رہے ہیں تاکہ وہ نتائج حاصل کیے جا سکیں جو امریکی صدر امریکی عوام کے لیے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
وینس کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کے دو اہداف ہیں، تیل اور گیس کی قیمتوں کو مستحکم رکھنا اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا، میرے خیال میں ہم ان دونوں مقاصد کے حصول میں کامیاب ہو رہے ہیں۔
