
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جنید اکبر کا کہنا ہے کہ سومنات کا بت اسلام آباد میں بیٹھا ہے اور وہ بت وزیر اعظم ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائی نیوز‘‘ کے پروگرام ’خبر‘ میں جنید اکبر نے اسلام آباد کو سومنات بنانے سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ اللہ اسلام آباد اور ملک کی بھی حفاظت کریں، کبھی سیاست ہوگی تو کبھی اختلاف ہوگا تو کبھی اتفاق بھی ہوگا۔
جنید اکبر نے کہا کہ پی ٹی آئی ورکرز پُرامن ہیں اور آئندہ بھی پُرامن رہیں گے، ہم سمجھتے ہیں کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو بیٹھنا چاہیے، جب بھی میاں صاحب نے ہاتھ بڑھانے کی کوشش کی ہم نے ویلکم کیا لیکن دوسرے دن ہم پر ایف آئی آرز ہو جاتی ہیں، ہم نے تو ہمیشہ کوشش کی کہ ڈائیلاگ سے معاملہ حل ہو سکے۔
