
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)اقتصادی جائزہ مذاکرات کیلئے آئی ایم ایف کا وفد پاکستان پہنچ گیا۔
نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا مشن آج سے سٹیٹ بینک حکام سے مذاکرات کا آغاز کرے گا، پہلے مرحلے میں سٹیٹ بینک حکام سے تکنیکی مذاکرات ہوں گے۔
تکنیکی مذاکرات میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ، بنیادی شرح سود، ایکسچینج ریٹ پر بات ہوگی،سٹیٹ بینک حکام وفد کو معاشی کارکردگی پر بریفنگ دیں گے۔
پاکستان نے زرمبادلہ کے ذخائر 17 ارب ڈالر سے زیادہ رکھنے کا ہدف حاصل کرلیا، وفد کو براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے سے بھی آگاہ کیا جائےگا، آئی ایم ایف وفد کو یورو بانڈ کے کامیاب اجرا پر بھی بریفنگ دی دی جائے گی۔ مشن کو بیرون ذرائع سے حاصل ہونے والی رقوم پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔
