
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی آئینی عدالت نے تھری ایم پی او کے تحت کے پی کے میں گرفتاریوں کے معاملے پر اپنے عدالتی حکم امتناع میں ترمیم کر دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ عدالت نے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے 5 نومبر کے حکم امتناع میں ترمیم کر دی۔
وکیل بیرسٹر گوہر نے دلائل دیئے کہ 5 نومبر کے آئینی عدالت کے حکم سے پشاور ہائیکورٹ کی کارروائی متاثر ہوئی ہے اور وکلاء کی پریکٹس بھی رک گئی ہے۔آئینی عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالت حکم امتناع گورنر راج اور ایم پی او سے متعلقہ معاملات پر تھا، پشاور ہائیکورٹ دیگر آرٹیکل 199 کے مقدمات سن سکتی ہے۔
جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آرٹیکل 245 کی آسان ریڈنگ کے مطابق تو آرٹیکل 199 کے مقدمات نہیں سنے جا سکتے، اگر آرٹیکل 245 کی پلین ریڈنگ پر جائے تو سارا عدالتی سسٹم جام ہو جائے۔عدالت نے پشاور بار کونسل کو فریق بننے کی اجازت دے دی۔
بیرسٹر گوہر نے استدعا دی کہ ہمیں تھری ایم پی او تحت بھی ریلیف دیں، ابھی تک خیبر پختوا میں ریویو بورڈ نہیں بنا۔ ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختوا نے بتایا کہ ریویو بورڈ تین ماہ بعد بنے گا۔
جسٹس امین الدین خان نے بیرسٹر گوہر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے متفرق درخواستیں پشاور رجسٹری میں دائر کیں، ہمارے پاس آجائیں گی تو دیکھ لیں گے۔وفاقی آئینی عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی۔
