
جدہ (محمد اکرم اسد) یومِ آزادی پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں اسکانکم کرکٹ کے زیرِ اہتمام جدہ میں منعقد ہونے والے "قائدِ اعظم آزادی کپ 2026" کی ٹرافی کی رونمائی پُرجوش طریقے سے ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی معروف شخصیات اسپانسرز ، کپتانوں اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان انجینئر عبدالمتین اور انجینئر سید جعفر نے ٹورنامنٹ کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دو روزہ ایونٹ میں آٹھ مضبوط ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔انتظامیہ کے مطابق قائدِ اعظم آزادی کپ 2026 کے تمام میچز 6 اور 7 اگست کو جدہ نیٹس گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔
انہوں نے ٹورنمنٹ کھیلنے والی ٹیموں کے کپتانوں کا تعارف کرایا۔ ٹورنمنٹ میں پاکستان قونصلیٹ کی ٹیم سروسز ونرز ٹیم کپتان ویلفیئر قونصل عاقب کی سربراہی میں کھیل رہی ہے جبکہ دیگر ٹیمیں جن میں اسکان فالکن، کرم البلد، کبابش کنگز، سمارٹ زون، اعتماد قلندر، حافظ سپر کنگز اور المقیت واریئرز حصہ لے رہی ہیں۔ تمام میچ جمعرات اور جمعہ کو شام کے وقت کھیلے جائیں گے۔ مہمان خصوصی پریس قونصل چوہدری عرفان نے اسکانکم انتظامیہ کو پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر کرکٹ ٹورنمنٹ منعقد کرانے پر مبارک باد دی کہ انہوں نے کمیونٹی میں ایک صحتمند اور خوشگوار تقریب کر کے لوگوں کو تفریح کا موقع دیا ہے۔ دیگر مقررین نے انتظامیہ کو اس تقریب کو کامیاب بنانے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کی تقریب میں ہونے والی کوتاہیوں سے سیکھ کر اس سال اس ٹورنمنٹ کو کامیاب بنائیں گے۔
