
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بشریٰ بی بی کو قیدِ تنہائی میں رکھنے کے الزامات کی تردید کردی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق جیل سپرنٹنڈنٹ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں جیل میں دیگر قیدیوں کی طرح قانون کے مطابق سہولیات اور حقوق فراہم کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل میں کسی بھی قیدی، بشمول بشریٰ بی بی، کو قیدِ تنہائی میں نہیں رکھا گیا، جیل حکام کا کہنا ہے کہ جیلوں میں قیدِ تنہائی کا نظام تقریباً ختم ہو چکا ہے اور طویل عرصے سے عدالتیں بھی ایسی سزا نہیں دے رہی ہیں۔
