
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے استحکام پاکستان پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز و ایم این اے محمد عون چوہدری، گل اصغر خان اور منزہ حسن شامل تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، صوبے میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس پرتفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ملاقات میں ملکی ترقی،استحکام اور سیاسی امور میں مل کر چلنے پر اتفاق کیا۔ استحکام پاکستان پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے فلاحی اقدامات کو شاندار قرار دیا۔ عون چوہدری،منزہ حسن اور گل اصغر نے پنجاب میں جاری ترقیاتی کاموں اور عوامی منصوبوں پر وزیراعلیٰ کی کاوشوں کو سراہا۔ ارکان قومی اسمبلی نے کھارے پانی والے اضلاع میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پراجیکٹس پر خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ ارکان قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے پراجیکٹس کی پنجاب سمیت آزاد کشمیر تک گونج ہے۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ملکی و سیاسی مفاد میں مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعلی مریم نواز نے عوام کی خدمت اور ترقی کے سفر میں ملکر چلنے کے عزم کا خیر مقدم کیا۔
