
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) آئندہ ہفتے جزوی چاند گرہن ہوگا، محکمہ موسمیات نے شیڈول جاری کردیا۔
نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق آئندہ ہفتے 27 اور 28 اگست کی درمیانی شب تیکنکی طور پر جزوی چاند گرہن ہوگا جس میں چاند کا تقریباً 96 فیصد حصہ نارنجی دکھائی دے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چاند گرہن کا یہ نظارہ پاکستان میں دکھائی نہیں دے گا۔ تاہم دنیا کے کئی ممالک میں یہ نظارہ دیکھنا ممکن ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق اگست 2026 میں آسمان پر ایک شاندار فلکیاتی منظر دیکھنے کو ملے گا، جب 27 اور 28 اگست کی درمیانی شب زمین سورج اور چاند کے درمیان آجائے گی، جس کے نتیجے میں جزوی چاند گرہن ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مزید واضح نظارے کے لیے دوربین یا بائنوکیولرز کا استعمال کیا جا سکتا ہے، جس سے زمین کے سائے کو چاند کی سطح پر آہستہ آہستہ منتقل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
آسمان صاف ہونے کی صورت میں یہ فلکیاتی منظر ان علاقوں میں زیادہ بہتر دکھائی دے گا جہاں گرہن کے دوران چاند افق کے اوپر موجود ہوگا۔
