
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی حکومت نے ملک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تیسرا بین الاقوامی ٹینڈر جاری کردیا، جس کے تحت عالمی سپلائرز سے بولیاں طلب کرلی گئی ہیں۔
ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی جانب سے جاری ٹینڈر دستاویزات کے مطابق گندم درآمد کے لیے بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی گئی ہے، جبکہ اسی روز دوپہر ڈھائی بجے تکنیکی بولیاں کھولی جائیں گی، عالمی سپلائرز کے لیے کم از کم 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی بولی دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
گندم کی ترسیل کے لیے دو مرحلے مقرر کیے گئے ہیں، پہلے مرحلے میں 4 لاکھ ٹن گندم 25 دسمبر 2026 سے 5 جنوری 2027 کے دوران پاکستان روانہ کرنا ہوگی، جبکہ مزید 4 لاکھ ٹن گندم 6 سے 15 جنوری 2027 کے دوران روانہ کی جائے گی۔
ٹینڈر کے مطابق تمام 8 لاکھ ٹن گندم 15 فروری 2027 تک کراچی یا گوادر کی بندرگاہوں پر پہنچانا لازمی ہوگا، مقررہ وقت پر گندم کی ترسیل نہ کرنے کی صورت میں ابتدائی جرمانہ 25 امریکی سینٹ فی ٹن یومیہ مقرر کیا گیا ہے۔
