
لاہور( افضل افتخار )پاسپورٹ بنوانے کے نام پر ایجنٹوں کی مبینہ اجارہ داری، سفارش اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے خلاف بڑا قدم اٹھانے کی تیاری، وفاقی محکمہ پاسپورٹ نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نظام میں تبدیلیوں کا عمل تیز کر دیا، ای پاسپورٹ کی سکیورٹی چِپس پاکستان میں تیار کرنے کا منصوبہ سامنے آگیا، نادرا کے ذریعے پاسپورٹ جاری کرنے کی سہولت بھی زیر غور آگئی۔
جدید اقدامات سے پاسپورٹ کی سکیورٹی مزید مضبوط بنانے، جعل سازی کی روک تھام اور شہریوں کے لیے اجرا کا عمل آسان بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیرصدارت پاکستان سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے حکام کے ساتھ ہونے والے حالیہ اجلاس میں پاسپورٹ کی تیاری، پرنٹنگ، سپلائی چین اور الیکٹرانک پاسپورٹ کے سکیورٹی فیچرز کا جائزہ لیا گیا، جبکہ نسٹ کو مقامی سطح پر جدید مائیکروچپ ٹیکنالوجی کی تیاری کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔
