
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 4 سال تک آپ کے پاس حکومت رہی، اگر یہ منصوبے آپ کے تھے تو انہیں اپنے دورِ حکومت میں مکمل کیوں نہیں کیا؟ منصوبے صرف سوچنے یا ان کا اعلان کرنے سے کسی کی ملکیت نہیں بن جاتے، بلکہ جو منصوبہ شروع کرتا ہے اور اسے پایۂ تکمیل تک پہنچاتا ہے، اصل کریڈٹ بھی اسی کو جاتا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سابقہ حکومت کے دور میں جن منصوبوں کا ذکر زبان زدِ عام رہا، وہ انڈے، کٹے، مرغیاں اور بھنگ کی فیکٹریاں تھے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہونے کے باوجود ساڑھے چھ سال بعد کسی منصوبے کو اپنا قرار دینا محض شرمندگی کا باعث ہے۔ اگر یہ منصوبے واقعی سابقہ حکومت کی ترجیحات اور کارکردگی کا حصہ تھے تو 4 سالہ اقتدار میں انہیں مکمل کرنے کا موقع موجود تھا۔ آج ان منصوبوں کی ملکیت کا دعویٰ کرنے کے بجائے یہ بتایا جائے کہ انہیں اپنے دور میں مکمل کیوں نہیں کیا گیا۔
عظمیٰ بخاری نے فواد چوہدری سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اب سچ سچ بتائیں، وزیراعلیٰ کے استقبال تو بہت اچھے تھے نا؟
