
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے میڈیا ایڈوائزر چودھری منور انجم اپنی اہلیہ کے ہمراہ طبی معائنے اور علاج کے سلسلے میں کینیڈا روانہ ہو گئے۔
چودھری منور انجم کی روانگی کے موقع پر پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے ایئرپورٹ پر انہیں رخصت کیا اور ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر چودھری منور انجم نے پارٹی کارکنوں اور اپنے سیاسی رفقاء سے بھی اپنی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی۔
چودھری منور انجم گزشتہ کچھ عرصے سے جگر کے عارضے کے باعث زیرِ علاج ہیں۔ بیماری کے باوجود انہوں نے سیاسی اور پارٹی سرگرمیوں سے کنارہ کشی اختیار نہیں کی اور اپنی ذمہ داریاں حتیٰ المقدور جاری رکھیں۔ وہ صحت کے مسائل کے باوجود پارٹی کے سیاسی و تنظیمی امور میں فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
