
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) صوبائی دارالحکومت کے علاقے اندرون بھاٹی گیٹ میں مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک خاتون جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ملبے تلے دبے 2 افراد کو معمولی زخم آئے جبکہ 32 سالہ نازیہ بی بی دم توڑ گئی۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک مکان کی بالائی منزل پر مزدور بوسیدہ دیواریں توڑ رہے تھے کہ اچانک ایک دیوار چھت پر گرگئی جس سے خاتون سمیت 3 افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے خاتون کی لاش نکال کر اسپتال منتقل کردی۔ امدادی کارروائیوں کے دوران سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے ڈرون نگرانی بھی کی گئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق مکان کی چھت ٹی آر گارڈر اور مٹی سے بنی تھی اس لیے گرتی دیوار کا بوجھ برداشت نہ کرسکی اور زمیں بوس ہوگئی۔
