پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے شاہ چارلس سوئم کو سفارتی اسناد پیش کر دیں، پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے خیرمقدم

عی Nov 24, 2026 IDOPRESS

لندن ( وقار ملک ) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے آج لندن کے تاریخی سینٹ جیمز پیلس میں منعقدہ ایک خصوصی شاہی تقریب کے دوران برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس سوئم کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں، جس کے ساتھ ہی انہوں نے باضابطہ طور پر اپنی سفارتی ذمہ داریوں کا آغاز کر دیا اس موقع پر ہائی کمشنر کی اہلیہ محترمہ صائمہ ٹیپو بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ شاہی پروٹوکول کے تحت ہائی کمشنر اور ان کی اہلیہ کو وائس مارشل آف دی ڈپلومیٹک کور کی سربراہی میں شاہی بگھی کے ذریعے لنکاسٹر ہاؤس سے سینٹ جیمز پیلس پہنچایا گیا شاہ چارلس سوئم سے ملاقات کے دوران ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے صدرِ پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے نیک خواہشات اور خیرسگالی کے پیغامات پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام برطانوی بادشاہ کو انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کے ماضی کے دورۂ پاکستان کی خوشگوار یادیں آج بھی پاکستانی عوام کے ذہنوں میں تازہ ہیں ہائی کمشنر نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ، دوستانہ اور تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، ثقافتی تعاون اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی خواہش ظاہر کی اس موقع پر شاہ چارلس سوئم نے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان اور ان کی اہلیہ محترمہ صائمہ ٹیپو کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی قیادت اور عوام کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ہائی کمشنر کا خیرمقدم دوسری جانب برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ٹیپو عثمان کی بطور ہائی کمشنر تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔کمیونٹی کے مختلف حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹیپو عثمان نے اپنی تعیناتی کے ابتدائی چند دنوں ہی میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور قومی وقار کو بلند کرنے کے حوالے سے خوش آئند پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے درمیان ایک سازگار، دوستانہ اور اعتماد پر مبنی ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی ہے، جس سے کمیونٹی میں اطمینان اور اعتماد کی فضا مضبوط ہوئی ہے۔ پاکستانی کمیونٹی نے امید ظاہر کی کہ ہائی کمشنر ٹیپو عثمان کی متحرک سفارتی قیادت میں برطانیہ میں پاکستان کے مثبت تشخص کو مزید فروغ ملے گا، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو بہتر انداز میں اجاگر کیا جائے گا اور پاکستان و برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سفارت کاری اور عوامی روابط کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔کمیونٹی رہنماؤں کے مطابق ایک مؤثر اور فعال ہائی کمیشن نہ صرف پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے بلکہ برطانیہ میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کو بھی اپنے ملک کے ساتھ مزید قریب لانے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

آل اسٹار ٹیکنالوجی آن لائن ٹیکنالوجی: ٹیک، AI، ایرو اسپیس، بایوٹیک، اور توانائی کی خبروں کے لیے آپ کا ذریعہ

آرین اسٹار ٹیکنالوجی، ایک ٹیکنالوجی نیوز پورٹل۔ ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، بائیوٹیکنالوجی، ڈیٹا اور دیگر شعبوں میں تازہ ترین پیشرفت کی اطلاع دینے کے لیے وقف ہے۔
© ایرن اسٹار ٹیکنالوجی رازداری کی پالیسی ہم سے رابطہ کریں