
انقرہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) ترک صدر رجب طیب اردگان نے امید ظاہر کی ہے کہ حال ہی میں ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے میں مزید ممالک بھی شامل ہوں گے۔
ترک صدر رجب طیب اردگان نے اخبار الشرق الاوسط کو بتایا اس معاہدے کے لئے ہمارا ویژن صرف تین ممالک تک محدود نہیں ہے بلکہ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ معاہدہ مزید وسعت اختیار کرے اور شاید ایک دن ایسے حالات پیدا ہوں کہ خطے کے تمام ممالک اس کے دائرۂ کار میں یکجا ہو جائیں۔
واضح رہے کہ ترک وزیرِ خارجہ حقان فیدان اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ انقرہ کو توقع ہے کہ اگلے مرحلے میں مصر بھی اس معاہدے میں شامل ہو جائے گا۔
انہوں نے سرکاری خبر رساں ادارے انادولو کو بتایا تھا کہ مصر کی شمولیت میں صرف چند تکنیکی امور رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، مصر نے تاحال اس معاہدے یا حقان فیدان کے بیان پر کوئی ردِ عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ ترک وزیر خارجہ حقان فیدان جلد قاہرہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔
