
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سانحہ جوڈیشل کمپلیکس کے متاثرین کو معاوضہ نہ ملنے سے متعلق کیس میں ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ آئندہ سماعت تک ادائیگی نہ ہوئی تو سیکرٹری داخلہ کو طلب کریں گے،آئندہ سماعت تک فہرست اور رپورٹ جمع کرانا یقینی بنائیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سانحہ جوڈیشل کمپلیکس کے متاثرین کو معاوضہ نہ ملنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس ارباب طاہر نے استفسار کیاکہ ایک سال ہونے کو ہے، ابھی تک معاملہ حل کیوں نہیں ہوا؟اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہاکہ 15دن کا وقت دیں، معاملہ حل کروادیں گے،وکیل نے کہاکہ وفاقی پولیس اور ڈپٹی کمشنر نے رپورٹ وزارت داخلہ کو بھجوا دی تھی، معاملہ وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری کے دفتر میں زیرالتوا ہے۔
عدالت نے آئی جی اسلام آباد سے متاثرین کی فہرست اور رپورٹ طلب کرلی، عدالت نے کہاکہ آئندہ سماعت تک ادائیگی نہ ہوئی تو سیکرٹری داخلہ کو طلب کریں گے،آئندہ سماعت تک فہرست اور رپورٹ جمع کرانا یقینی بنائیں،عدالت نے کیس کی سماعت ستمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی۔
