
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کراچی کے علاقے فیروز آباد، جمشید کوارٹرز اور کلاکوٹ پولیس نے مبینہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک اور دو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
نجی ٹی وی چینل ’’ ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق ایس ایچ او فیروز آباد عدیل افضال نے بتایا کہ شہید ملت روڈ سدا بہار شادی ہال کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو کی شناخت یاسر عرف شعلہ کے نام سے ہوئی جو کہ 12 جولائی کو بہادر آباد کے علاقے ٹیپو سلطان روڈ پر سیکیورٹی گارڈ اختر حسین سے اسلحہ چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کرنے کی واردات میں ملوث ہے۔
