
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ نے وراثتی جائیداد کے حقوق سے متعلق اہم فیصلہ جاری کردیا۔ فیصلے کے مطابق وراثت میں ملنے والا حق وقت گزرنے سے ختم نہیں ہوگا تاہم حق سے انکار کا علم ہونے کے بعد 6 سال میں قانونی چارہ جوئی ضروری ہوگی۔ 5 رکنی بینچ نے وراثتی جائیداد کی بروقت تقسیم کے لیے قانون سازی کی سفارش بھی کر دی۔
سما ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ نے وراثتی جائیداد کے مقدمات میں مدتِ معیاد کے تعین سے متعلق اہم اصول وضع کر دیئے، 5 رکنی بینچ کے فیصلے کے مطابق والد یا والدہ کی وفات کے بعد وراثتی حصہ فوری طور پر وارث کی ملکیت بن جاتا ہے اور محض وقت گزرنے، خاموشی یا عدم دلچسپی سے یہ حق ختم نہیں ہوتا۔
سپریم کورٹ نے وراثتی جائیداد کی بروقت اور درست تقسیم یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کی سفارش کرتے ہوئے اسے ورثا اور متعلقہ حکام کی قانونی ذمہ داری قرار دینے کی تجویز دی۔
فیصلے میں خواتین کے وراثتی حقوق اور نیک نیتی سے جائیداد خریدنے والوں کے حقوق کے تحفظ کو بھی برقرار رکھا گیا۔ پہلے سے حتمی قرار دیئے گئے عدالتی احکامات دوبارہ نہیں کھولے جائیں گے جبکہ فیصلے میں وضع کردہ اصول زیرالتوا اور آئندہ دائر ہونے والے مقدمات پر لاگو ہوں گے۔
