
لاہور (زین بابو) تحصیل راوی میں تعینات اسسٹنٹ کمشنر حمیرا شاہ کی موجودگی میں شہریوں پر مبینہ بدترین تشدد کی ویڈیوز سامنے آ گئی ہیں، جہاں سگیاں مویشی منڈی کے باہر انکروچمنٹ آپریشن کے دوران شہریوں اور میڈیا ٹیم کے ساتھ ناروا سلوک کیے جانے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔شہریوں کا دعویٰ ہے کہ اے سی کے حکم پر تشدد کیا گیا جبکہ ترجمان ضلعی انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ پہلے شہریوں کی جانب سے ٹیم پر حملہ کیا گیا لیکن وجہ بتانے سے قاصر رہے ۔
عینی شاہدین کے مطابق سگیاں روڈ پر اینکروچمنٹ آپریشن کے دوران لوگوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح اٹھا اٹھا کر گاڑیوں میں پھینکا گیا جبکہ متعدد افراد پر مکے، ٹھڈے اور تھپڑوں کی بارش کی گئی۔ موقع پر موجود افراد کا کہنا ہے کہ شہری خوف و ہراس کا شکار رہے اور کسی کو بھی اپنی بات کرنے کا موقع نہ دیا گیا۔ذرائع کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل کے اینکر نے اسسٹنٹ کمشنر حمیرا شاہ سے انکروچمنٹ آپریشن کے حوالے سے سوالات کرنے کی کوشش کی، تاہم جواب دینے کے بجائے مبینہ طور پر ایم سی ایل (میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور) اور پیرا فورس کے اہلکاروں کو اشارہ کیا گیا، جس کے بعد میڈیا ٹیم پر دھاوا بول دیا گیا۔
