
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)کوئٹہ دھماکے کے بعد ریلوے پولیس نے ملک بھر میں سیکیورٹی انتظامات کو انتہائی سخت کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ کوئٹہ بم دھماکے کے تناظر میں تمام ریلوے پولیس اہلکاروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ ریلوے حدود میں واقع مساجد، امام بارگاہوں، عیدگاہوں، مزارات اور دیگر مذہبی مقامات کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔
اسی طرح حساس مذہبی مقامات اور عید اجتماعات پر اضافی ریلوے پولیس نفری تعینات کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ریلوے حکام نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام سیکیورٹی ڈیوٹیوں، نفری کی تعیناتی اور ذمہ داریوں پر مشتمل جامع سکیورٹی پلان تیار کر کے فوری متعلقہ دفتر کو ارسال کیا جائے۔ یہ اقدامات کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے اور مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے ہیں تاکہ ریلوے نیٹ ورک کو محفوظ بنایا جا سکے۔
