
ممبئی (ویب ڈیسک )بھارتی عدالت نے 35 سال پرانے قتل کے مقدمے میں 85 سالہ ملزم کو سزاسنادی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے 85 سالہ شخص دیپ رائے کو عدالت نے 3 سال جیل کی سزا سنائی ہے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے جس میں ضعیف ملزم کو پکڑ کر لے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، اس شخص کی کمر جھکی ہوئی ہے اور وہ مشکل سے ہی اپنے قدموں پر چل پارہا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ عدالت نے دیپ رائے کو 35 سال قبل کیے جانے والے قتل کے کیس اور آرمز ایکٹ کی خلاف ورزی کے مقدمے میں سزا سنائی ہے۔
ملزم کے وکیل نے دیپ رائے کی عمر کی وجہ سے کم سزا دینے کی اپیل کی تھی جسے عدالت نے قبول کرتے ہوئے کم سزا کے ساتھ 25ہزار( بھارتی روپے) جرمانے کی سزا بھی سنائی۔
عدالت نے کہا کہ ملزم کی عمر 85 سال ہے اور وہ جسمانی طور پر مکمل طور پر معذور ہے،یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ وہ جیل میں کوئی سخت سزا برداشت نہیں کرسکیں گے لیکن ساتھ ہی اسے سزا دینا بھی ضروری ہے اس لیے عدالت نے انسانی بنیادوں پر کم سزا دی ہے۔
