ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی مون سون کے باقاعدہ آغاز سے قبل تمام نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی مکمل کرنے کی ہدایت

سائنس Jun 6, 2026 IDOPRESS

لاہور (زین بابو) مون سون کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور نے اپنے حفاظتی حصار کو مزید مضبوط کر لیا ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیرِ صدارت ڈی سی آفس میں ایک اہم اور اعلیٰ سطحی پری مون سون اور فلڈ پریپیرڈنیس اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیدکوارٹر سمیت واسا، ایم سی ایل، روڈا اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد ممکنہ دریائی اور اربن فلڈنگ کے بڑے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک جامع پیشگی حکمت عملی وضع کرنا ہے۔


تفصیلات کے مطابق اجلاس میں محکمہ انہار کی جانب سے دریائی پٹی پر موجود 38 اعشاریہ 95 میل طویل 8 فلڈ پروٹیکشن بندوں کی نگرانی اور مضبوطی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دریائے راوی کے اطراف واقع 35 ممکنہ متاثرہ موضع جات کے لیے تمام حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور شہریوں کے لیے 65 ریلیف کیمپس پہلے سے مختص ہیں۔ اربن فلڈنگ کے حوالے سے واسا حکام نے بتایا کہ شہر بھر میں 617 ڈی واٹرنگ سیٹس اور 134 ڈسپوزل اسٹیشنز مکمل فعال ہیں جبکہ ایم سی ایل نے نو زونز میں 70 اضافی ڈی واٹرنگ سیٹس الرٹ کر دیے ہیں۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سول ڈیفنس کے 139 تربیت یافتہ رضا کار اور ریسکیو 1122 کا واٹر ریسکیو پلان بھی مکمل طور پر تیار ہے۔


کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے سخت ہدایات جاری کیں کہ مون سون کے باقاعدہ آغاز سے قبل تمام نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کا عمل فی الفور مکمل کیا جائے اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم کو چوبیس گھنٹے فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی شکایت پر فوری ردِ عمل ظاہر کیا جا سکے۔ انہوں نے تمام محکموں کو باہمی تعاون کے لیے ایک مربوط رابطہ کاری کا نظام وضع کرنے کا حکم دیا اور دریائی بیلٹ پر غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کڑی نگرانی کی ہدایت کی۔


ڈی سی لاہور نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین اور بنیادی ذمہ داری ہے جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اربن فلڈنگ کے خطرات کو کم کرنے کے لیے پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں اور تیاریوں میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان جامع اقدامات سے بارشوں کے دوران عوامی ریلیف یقینی بنایا جا سکے گا۔

آل اسٹار ٹیکنالوجی آن لائن ٹیکنالوجی: ٹیک، AI، ایرو اسپیس، بایوٹیک، اور توانائی کی خبروں کے لیے آپ کا ذریعہ

آرین اسٹار ٹیکنالوجی، ایک ٹیکنالوجی نیوز پورٹل۔ ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، بائیوٹیکنالوجی، ڈیٹا اور دیگر شعبوں میں تازہ ترین پیشرفت کی اطلاع دینے کے لیے وقف ہے۔
© ایرن اسٹار ٹیکنالوجی رازداری کی پالیسی ہم سے رابطہ کریں