
لاہور (ویب ڈیسک) ایشیئن گیمز 2026 کے لیے پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کو سونپ دی گئی، پاکستان کے سکواڈ میں کپتان صاحبزادہ فرحان، نائب کپتان عبدالصمد، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی اور حسن نواز شامل ہیں۔اس کے علاوہ معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔
’’جیونیوز‘‘ کے مطابق اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ ایشین گیمز کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے، صاحبزادہ فرحان ٹیم کی قیادت کریں گے۔ایشیئن گیمز 2026 میں مردوں کے ٹی20 انٹرنیشنل مقابلے 24 ستمبر سے جاپان کے شہر آئیچی میں شروع ہوں گے، ایشیئن گیمز میں کرکٹ کے تمغوں کے مقابلے 3 اکتوبر کو ہوں گے۔
’’پی سی بی‘ کا کہنا ہے کہ 30 سالہ صاحبزادہ فرحان کے ساتھ عبدالصمد نائب کپتان کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔صاحبزادہ فرحان پاکستان کی جانب سے 46 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں 1305 رنز بنا چکے ہیں، جن میں 2 سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں۔عاکف جاوید، علی رضا، معاذ صداقت اور سعد مسعود پہلی مرتبہ پاکستان کے لیے ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلنے کے منتظر ہیں۔
ایشین گیمز کے سکواڈ کے 15 میں سے 14 کھلاڑی 15 جون سے لاہور میں شروع ہونے والے وائٹ بال کیمپ کا بھی حصہ ہوں گے۔
