
تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز میں ایک امریکی کمپنی سے منسلک کارگو جہاز کو تحویل میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق مذکورہ کارگو جہاز کو سمندری ٹرانزٹ قوانین اور ضوابط کی خلاف ورزی کے الزام میں روکا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی فوج کی نگرانی میں 4 تجارتی جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے جن میں سے ایک کو روک لیا گیا۔
ایرانی میڈیا نے پاسداران انقلاب کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ جن ایک امریکی جہاز کو تحویل میں لیا گیا تو باقی تین جہاز واپس مڑ گئے۔
اس اہم آبی گزرگاہ میں کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی عالمی توانائی منڈیوں اور بین الاقوامی تجارت پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔
ماضی میں بھی ایران متعدد مرتبہ غیر ملکی تجارتی اور آئل ٹینکرز کو سمندری قوانین کی خلاف ورزی یا سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر قبضے میں لینے کا دعویٰ کر چکا ہے۔
جس پر امریکا اور مغربی ممالک نے ایران کے ان اقدامات کو بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے خطرہ قرار دیتے آئے ہیں۔
