
تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل فوجی ذرائع سے ایران کو جھکانے میں ناکامی کے بعد اب ملک کے اندرونی اختلافات کو ہوا دینے اور تقسیم پیدا کرنے کی حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہیں۔
بی بی سی اردو کے مطابق ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ بڑے شہروں اور صوبائی دارالحکومتوں کے میئرز سے ملاقات کے دوران صدر پزشکیان نے کہا کہ ’ایرانی عوام کو جنگ کے ذریعے ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنے میں ناکامی کے بعد دشمنوں نے اپنی پوری توجہ اندرونی اختلافات پیدا کرنے اور انھیں بڑھانے پر مرکوز کر دی ہے۔‘
انھوں نے قومی اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو کمزور کرنے کے بجائے تمام شہریوں کی شرکت اور تعاون کو فروغ دیا جانا چاہیے۔
مسعود پزشکیان کے بقول، ’کسی گروہ کو یہ گمان نہیں ہونا چاہیے کہ وہ سب کچھ جانتا ہے اور اسی بنیاد پر ملک کو کمزور کرے۔ تمام شہریوں کی عوامی شرکت سازشوں کا مقابلہ کرنے کا سب سے اہم ذریعہ ہے۔‘
