
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما حکیم جیفریز نے ایوان نمائندگان کا آئندہ سپیکر بننے کیلئے باضابطہ طور پر اعلان کر دیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق جیفریز نے ڈیموکریٹ ارکان کے نام خط میں کہا کہ اقتدار سنبھالنے کے ابتدائی 100 دنوں میں ان کی جماعت ٹرمپ انتظامیہ کے اہم فیصلوں کو واپس لینے کیلئے اقدامات کرے گی۔
ڈیموکریٹس درآمدی محصولات ختم کرنے، صحت کی سہولتوں اور غذائی امداد کیلئے اربوں ڈالر کے فنڈز بحال کرنے اور میڈیکیڈ پروگرام میں مزید کٹوتیاں روکنے کیلئے قانون سازی کریں گے،مہنگائی اور عوام پر بڑھتے ہوئے معاشی بوجھ کو کم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
اپوزیشن میں رہتے ہوئے بھی ڈیموکریٹس نے ٹرمپ انتظامیہ کے اقدامات پر مؤثر دباؤ ڈالا، اب ایوان میں اکثریت ملنے کے بعد عوام کی جانب سے مطلوبہ تبدیلی لانا ان کی ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ جیفریز کو رواں ماہ پارٹی کے اندر خفیہ ووٹنگ کا سامنا کرنا ہوگا جبکہ سپیکر کے انتخاب کیلئے ایوان میں حتمی ووٹنگ جنوری میں ہوگی، اگر وہ منتخب ہو گئے تو امریکی تاریخ کے پہلے سیاہ فام سپیکر بن جائیں گے۔
