
تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن) ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر غالیباف نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن نے کوئی غلط اندازہ لگایا تو ایران فوری اور جارحانہ جواب دینے سے گریز نہیں کرے گا۔
نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایران کے نئے میزائل سٹی کی رونمائی کے موقع پر غالیباف نے کہا کسی بھی غلطی کی صورت میں ایرانی مسلح افواج تنازع کے جغرافیائی دائرے کا تعین خود کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ نیا میزائل سٹی ایران کی جانب سے دشمنوں کے لیے واضح پیغام ہے، جنگ کی آگ میں بھی ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے سے غافل نہیں۔
باقر غالیباف کا مزید کہنا تھا کہ پاسداران انقلاب کی ایرو سپیس فورس کے نئے میزائل سٹی کی رونمائی ایرانی عوام کے اس عزم کا اظہار ہے کہ وہ ملک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا دفاع کریں گے۔
