
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈیفنس میں ٹریفک پولیس کی گاڑی کو ٹرک سے ٹکر مارنے اور اہلکاروں کو کچلنے کی کوشش کرنے والے ڈرائیور کے خلاف ایکسپریس نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا اور ٹرک ڈرائیور کرامت کو گرفتار کرلیا۔
نجی ٹی وی چینل ’’ ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق واقعے میں ملوث ٹرک کو بھی پولیس تحویل میں لے لیا گیا، جبکہ گرفتار ڈرائیور کا اعترافی بیان بھی سامنے آگیا ہے۔
ہفتے کی شب ڈیفنس موڑ کے قریب ٹرک ڈرائیور نے ٹریفک پولیس کی جانب سے روکنے کی کوشش پر گاڑی روکنے کے بجائے ٹرک بھگا دیا اور ٹریفک پولیس کی گاڑی کو ٹکر مار دی تھی۔
پولیس نے ملزم کے خلاف ڈیفنس تھانے میں کار سرکار میں مداخلت، تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
