
میرپور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور اور سابق وزیراعظم ممتاز حسین راٹھور مرحوم کے خلاف مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر نازیبا اور توہین آمیز مواد شیئر کرنے کے الزام میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر مرتضیٰ شریف میر سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمہ تھانہ ممتاز آباد میں درج کیا گیا ہے جس کے بعد معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں نامزد افراد پر سوشل میڈیا کے ذریعے مبینہ طور پر قابل اعتراض مواد نشر کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سابق ڈسٹرکٹ زکوٰۃ چیئرمین میر قمر دین قمر کی تصویر استعمال کرتے ہوئے مبینہ کردار کشی کے معاملے پر بھی قانونی کارروائی کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔
کمیٹی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ تمام معاملات کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ حقائق عوام کے سامنے آسکیں۔
سیاسی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ توہین، کردار کشی اور نفرت انگیز مواد کے معاملات میں قانون کی غیرجانبدار عملداری ہی عوام کے اعتماد کو مضبوط بنا سکتی ہے۔
