
قصور (ڈیلی پاکستان آن لائن) اسپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نےکہا ہے کہ پاکستان کی تمام مشکلات کا حل تعلیمی نظام میں ہے، اگر تعلیم کا نظام ٹھیک ہوجائے تو پاکستان کے مسائل حل ہوجائیں گے۔
نجی ٹی وی چینل ’’ جیو نیوز‘‘ کے مطابق قصور کے علاقے کھڈیاں میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ کھڈیاں کو یونیورسٹی ٹاؤن بنانےکی خواہش ہے، چاہتے ہیں ہر نوجوان باشعور اور باعمل ہو،کوئی بچہ اسکول سے باہر نہیں رہنے دیں گے۔
ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ہر نوجوان پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے، کیا ہم افواج پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی برداشت کرسکتے ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ بیوروکریسی کی حکومتوں کا نتیجہ کیا نکلا؟ حق حکمرانی عوام کا ہے، منتخب نمائندے عوام کی دہلیز تک پہنچائیں گے تو جواب دہ بھی ہوں گے۔
