
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور کے علاقے مزنگ میں سکوٹی سوار لڑکی کو روک کر تشدد کرنے والے موٹرسائیکل سوار ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں ملزم کو لڑکی پر تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ون فائیو پر اطلاع ملتے ہی مزنگ پولیس موقع پر پہنچ گئی، جبکہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں ابتدائی طور پر نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق ایس پی سول لائنز منزہ کرامت کی نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے کہا کہ خواتین پر تشدد کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔
