
مہمند(ڈیلی پاکستان آن لائن)مہمند میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
جیو نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے مہمند کے علاقے ڈاگ تمانزئی میں انسداد پولیو مہم کی ڈیوٹی پر جانے والے پولیس اہلکاروں پرفائرنگ کی جس سے 2 پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی بھی ہوا جسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکابندی کردی گئی ہے۔
