
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراجلاس میں اہم منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا، نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ اور جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ کو ہیلتھ کیئر سروس ڈلیوری اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہسپتالوں کے ڈائریکٹرز انتہائی مؤثر اور باصلاحیت ہونے چاہئیں، نرسنگ کیئر ہر چیز بدل دیتی ہے، نواز شریف کینسر ہسپتال میں جو بہترین تربیت یافتہ ڈاکٹر یا نرس آنا چاہتا ہے وہ خوش آمدید ہے، جبکہ پنجاب میں بہترین انسانی وسائل لانا ان کا مشن ہے۔
