
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) کراچی میں مبینہ بیوی کے قتل کے الزام میں گرفتار ایک شخص پولیس تحویل کے دوران پراسرار طور پر جاں بحق ہو گیا جس کے بعد کیس نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم محمد خان کے خلاف تیموریہ تھانے میں مبینہ بیوی کے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
گرفتاری کے بعد اسے مزید تفتیش کے لیے جوہرآباد انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ رات گئے ملزم کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی جس پر اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ روبینہ کی موت کسی زہریلی چیز کے استعمال سے ہوئی ہو سکتی ہے، تاہم حتمی وجہ موت کا تعین پوسٹ مارٹم اور کیمیائی تجزیے کی رپورٹ آنے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔
دوسری جانب ملزم محمد خان کی پولیس تحویل میں موت کے بعد اس معاملے کی نوعیت مزید حساس ہو گئی ہے اور اب دونوں اموات کے محرکات اور حقائق جاننے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
