
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی دارالحکومت میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھنے لگی، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 500 سے تجاوز کر گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں سرفہرست آگیا۔
فضائی آلودگی کے حوالے سے علامہ اقبال ٹاؤن سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ رہا، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 912 ریکارڈ کیا گیا، برکی روڈ پر 698، گلبرگ میں 619، ڈی ایچ اے فیز 5 میں 569 جبکہ ماڈل ٹاؤن میں اے کیو آئی 471 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
فضائی آلودگی کی اس تشویشناک صورتحال نے شہریوں کی صحت کو شدید خطرات سے دوچار کردیا ہے۔
ماہرین کے مطابق شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، باہر نکلتے وقت حفاظتی ماسک استعمال کریں اور خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔
