
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکاری ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات کی رپورٹ طلب کر لی۔
روزنامہ جنگ کے مطابق مریم نواز نے تمام اضلاع کے ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات کی جامع رپورٹ 27 اگست تک طلب کر لی اور ہسپتالوں میں ہنگامی اخراج کے راستوں اور رسائی کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ ریسکیو ٹیموں سے مشاورت کر کے ہنگامی اخراج کے راستوں کا معائنہ کیا جائے اور ہسپتالوں میں فائر ہائیڈرنٹس کا کام 7 روز میں مکمل کیا جائے۔
علاوہ ازیں پنجاب کے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹس بنانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
ترجمان محکمۂ ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق پہلے مرحلے میں 57 سرکاری ہسپتالوں کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔
واسا کو اہم مقامات کی نشاندہی اور فائر ہائیڈرنٹس بنانے کا ٹاسک تفویض کیا گیا ہے۔
