
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والے دو ملزمان قیصر اور شمشیر احمد کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ استغاثہ ملزمان کے خلاف جرم ثابت کرنے میں ناکام رہا، جبکہ مقدمے کے شواہد میں موجود تضادات اور قانونی خامیاں سزا برقرار رکھنے کے لیے کافی نہیں۔
دنیا نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس غلام سرور نہنگ نے ملزمان کی جانب سے دائر کریمنل اپیل پر فیصلہ سنایا، دونوں ملزمان کو ایڈیشنل سیشن جج کروڑ لعل عیسن، ضلع لیہ نے 2019 میں محمد اسلم کے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
