
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بالی ووڈ کے نامور اداکار جیتندر نے خود سے متعلق حیرت انگیز انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس کوئی ٹیلنٹ نہیں تھا اور وہ خوش قسمتی سے اداکار بنے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں جیتندر نے اپنے بیٹے اداکار تشار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تشار مجھ سے کہیں بہتر اور زیادہ لگن رکھنے والے اداکار ہیں اور میں یہ بات صرف اس لیے نہیں کہہ رہا کہ وہ میرا بیٹا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ میری خوش قسمتی تھی کہ میں صحیح وقت پر صحیح جگہ پر موجود تھا۔
واضح رہے کہ جیتندر کی بالی وڈ میں کئی ہٹ فلمیں رہی ہیں جن میں ہمجولی، جینے کی راہ، کارواں، خوشبو، ہمت والا، دھرم ویر، جودائی، خودغرض اور جانی دشمن شامل ہیں۔
