
فیصل آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان خالد محمود طویل علالت کے بعد 84 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق خالد محمود کے بیٹے کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ آج فیصل آباد میں ادا کی جائے گی۔
خالد محمود 28 دسمبر 1941 کو جہلم میں پیدا ہوئے اور پاکستان ہاکی کی ان کامیاب ٹیموں کا حصہ رہے جنہوں نے عالمی اور ایشیائی سطح پر ملک کیلئے اہم کامیابیاں حاصل کیں۔
وہ 1964 کے ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی ٹیم کا حصہ تھے جہاں قومی ٹیم نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ خالد محمود قومی ٹیم میں رائٹ آؤٹ پوزیشن پر کھیلتے تھے۔
ہاکی سے وابستگی
خالد محمود نے بطور کھلاڑی قومی ہاکی ٹیم کی نمائندگی کے ساتھ ساتھ پاکستان ہاکی کے انتظامی امور میں بھی خدمات انجام دیں۔
وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری بھی رہے جبکہ اپنے کیریئر کے دوران قومی ہاکی ٹیم کے منیجر کی ذمہ داریاں بھی انجام دیتے رہے۔
خالد محمود کے انتقال پر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن، ایشین ہاکی فیڈریشن اور پاکستان کی ہاکی برادری نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
