
بیجنگ(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چینی وزیراعظم لی چیانگ نے دونوں ممالک کے بنیادی قومی مفادات کے متعلق تمام امور پر ایک دوسرے کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیانیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیجنگ میں عوامی جمہوریہ چین کے وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات کی، یہ ملاقات پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے پس منظر میں منعقد ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم لی چیانگ کی جانب سے پرتپاک استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان چین دیرینہ اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان آہنی دوستی باہمی اعتماد، اسٹریٹجک تعاون، امن، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہے۔
