
جیو چھوان (شِنہوا نیوز ایجنسی) پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چین کے تیان گونگ خلائی سٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن جائیں گے جنہیں شین ژو-24 خلائی مشن میں پے لوڈ سپیشلسٹ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے ۔
چین کے انسان بردار خلائی ادارے کے ترجمان ژانگ جنگ بو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ خلا میں پہنچنے کے بعد علی عملے کے معمول کے امور میں حصہ لیں گے اور چین پاکستان مشترکہ خلائی سائنسی تجربات پر خصوصی توجہ دیں گے۔ ان کی ذمہ داریوں میں بنیادی طور پر تجربات کے نمونے اور آلات نصب کرنا اور طے شدہ شیڈول کے مطابق خلا میں تجربات انجام دینا شامل ہوگا۔
ژانگ نے کہا کہ ’’عملے کی تربیت اور تیاریاں خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہی ہیں اور تمام ارکان نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا ہے۔‘‘
ترجمان نے بتایا کہ مختصر مدت کے مشترکہ خلائی مشن کی تکمیل کے بعد علی شین ژو-23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔
