منہاج القرآن انٹرنیشنل سنٹر،   پانچویں بین الاقوامی ادبی نعت کانفرنس کاانعقاد ، 8 شخصیات کو  "نعت ایکسیلینس ایوارڈ 2026" سے نوازا گیا 

بڑا ڈیٹا Aug 24, 2026 IDOPRESS


دبئی (طاہر منیر طاہر) منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ اور نعت فورم انٹرنیشنل کے باہمی اشتراک سے پانچویں بین الاقوامی ادبی نعت کانفرنس 2026 منہاج القرآن انٹرنیشنل سنٹر، والسال میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس کا مرکزی موضوع ’’بین المذاہب ہم آہنگی میں نعت کا کردار‘‘ تھا۔


صبح گیارہ بجے سے رات نو بجے تک جاری رہنے والی اس علمی، ادبی اور روحانی تقریب میں برطانیہ کے مختلف علاقوں سے اہلِ علم و دانش، ادیبوں، شاعروں، محققین اور نعت سے وابستہ شخصیات سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ یہ کانفرنس نعت کے علمی، ادبی اور روحانی پہلوؤں، بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی سطح پر نعتیہ ادب کے امکانات پر فکر انگیز مقالات اور گفتگو سے مزین تھی، جبکہ تلاوتِ قرآن کریم اور نعت خوانی نے تقریب کی روحانی فضا کو مزید پراثر بنایا۔


کانفرنس کے محرک و روحِ رواں، نعت فورم انٹرنیشنل کے چیئرمین اور ڈائریکٹر ایچ سی آر این ڈاکٹر سرور حسین نقشبندی نے افتتاحی کلمات ادا کیے، جبکہ منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے صدر سید علی عباس بخاری نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔


ٹیکنیکل سیشن میں ڈاکٹر قیصر عباس زیدی، ڈاکٹر علی اکبر، ڈاکٹر سرور حسین نقشبندی اور سمیعہ ناز نے مقالات پیش کیے۔ بعد ازاں ’’نعت کی گلوبلائزیشن اور برطانیہ میں نعت کی فضا‘‘ کے موضوع پر پینل گفتگو ہوئی، جس میں اشتیاق میر، قیصر عباس زیدی، سمیعہ ناز، قاری جاوید اختر اور محمد جواد شائق نے حصہ لیا۔ ایک اور اہم نشست ’’بین المذاہب ہم آہنگی میں نعت کا کردار‘‘ کے عنوان سے منعقد ہوئی، جس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر طہٰ قریشی نے کی، جبکہ ڈاکٹر قیصر عباس زیدی اور علامہ محمد افضل سعیدی سمیت دیگر اہلِ علم نے اظہارِ خیال کیا۔


کانفرنس کے مرکزی سیشن کی صدارت چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی، جبکہ پیر سید لخت حسنین شاہ، صاحب زادہ محمد عاصم مہاروی، پروفیسر ڈاکٹر محمد طہٰ قریشی اور بیرسٹر میاں وحید الرحمٰن جیسی ممتاز و معتبر علمی ہستیوں نے بھی اس میں ایمان افروز گفتگو کی اور مقالات پڑھے۔ اس سیشن کے میزبان معروف ٹی وی اینکر ایم مسعود عالم تھے۔


اختتامی حصے میں عالمی نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوا، جس میں ڈاکٹر سعادت سعید، ڈاکٹر نثار ترابی، ڈاکٹر نذر عابد، باصر کاظمی نیلما ناہید درانی، صابر رضا، ڈاکٹر قیصر عباس زیدی، خواجہ محمد عارف، سمیعہ ناز، غزل انصاری، تسنیم حسن نغمانہ کنول شیخ، فائقہ گل، ممتاز علی ممتاز، حسن فرزوق، علی عمران کاظمی، ڈاکٹر فصہ قریشی، مروت احمد، ڈاکٹر سرور حسین نقشبندی اور اشتیاق میر نے اپنا نعتیہ کلام پیش کیا۔ کانفرنس کی کامیابی پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی اور ڈاکٹر سرور حسین نقشبندی کی شبانہ روز کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔


کاوان ادب برطانیہ اور امیگریشن ایکسپرٹس کی جانب سے ڈاکٹر سرور حسین نقشبندی کو فروغ نعت کے ضمن میں خصوصی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ علم، ادب، تحقیق، نعت اور روحانیت کا یہ اجتماع اپنے علمی مباحث، بین الاقوامی تناظر اور نعتیہ مشاعرے کے باعث ایک یادگار کانفرنس ثابت ہوا۔

آل اسٹار ٹیکنالوجی آن لائن ٹیکنالوجی: ٹیک، AI، ایرو اسپیس، بایوٹیک، اور توانائی کی خبروں کے لیے آپ کا ذریعہ

آرین اسٹار ٹیکنالوجی، ایک ٹیکنالوجی نیوز پورٹل۔ ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، بائیوٹیکنالوجی، ڈیٹا اور دیگر شعبوں میں تازہ ترین پیشرفت کی اطلاع دینے کے لیے وقف ہے۔
© ایرن اسٹار ٹیکنالوجی رازداری کی پالیسی ہم سے رابطہ کریں