
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے جامع مائیکرو پلان طلب کرتے ہوئے ستھرا پنجاب پروگرام کی مکمل پراگریس رپورٹ آئندہ ہفتے تک پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ نے ایک ہفتے میں ستھرا پنجاب کے ورکرز اور مشینری کی کمی پوری کرنے، صفائی کا بیٹ سسٹم نافذ کرنے اور غیر مؤثر نجی کمپنیوں کو فارغ کرنے کا حکم بھی دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی، صفائی کی صورتحال، ویسٹ کلیکشن اور ٹرانسپورٹ فلو سسٹم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس کے دوران مختلف تحصیلوں میں صفائی کی صورتحال سے متعلق رپورٹس بھی چیک کی گئیں۔
بریفنگ کے مطابق پنجاب کے ہر ڈویژن میں اینٹی لٹرنگ سکواڈ متحرک ہے اور اب تک 2 لاکھ 64 ہزار وزٹ کیے جاچکے ہیں، سکواڈز نے صفائی کے مقررہ ضابطوں کی خلاف ورزیوں پر وارننگز جاری کرنے کے ساتھ شہریوں میں آگاہی بھی فراہم کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ضلع چکوال میں صفائی کی بہتر صورتحال پر ڈپٹی کمشنر سارہ حیات اور ان کی پوری ٹیم کو سراہا اور صوبے بھر میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
